غزہ: اسرائیل کی غزہ کے معصوم شہریوں پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فوجیوں نے گزشتہ 24گھنٹوں میں 250 سے زائد حملے کرکے 370 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں متعدد طبی مراکز کی عمارتیں تباہ ہوگئیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے خان یونس سے رفح جانے والی سڑک پر مریضوں کو لے جانے والی ایمبولنسوں پر شدید بمباری کی ، جس میں انٹرنیشنل ہلال احمر کے 5طبی کارکن شہید ہوگئے، اسرائیلی بمباری میں خوراک اور ادویات کی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلیوں نے بمباری کے بعد زخمی فلسطینیوں کو حراست میں لے کر برہنہ کرکے خوب زدکوب کیا۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے غزہ کی صورتحال کو تشویشناک کہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری جنگ بندی نہ کی گئی تو عالمی وبا پھیلنے کا خدشہ ہے، اسرائیل نے جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انسانیت کی تذلیل کی ہے، اسرائیلی بمباری میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، اسرائیلی بمباری میں زیادہ تر طبی مراکز اور خوراک کی عمارتوں کو تباہ کیا جارہاہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جس میں زخمی افراد کی تعداد 48 ہزار سے بڑھ چکی ہے، شہید ہونے والوں میں 9 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔