حماس کی دشمن کو ہیبت زدہ کردینے والی تیاری، ویڈیو جاری

غزہ:  حماس نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کو جلا کر راکھ کر دینے اور ہیبت طاری کردینے کی تیاری والی ویڈیو جاری کردی۔ القسام کی ویڈیو میں اپنے عزم کو جامہ عمل پہنانے کے لیے تیاری دکھائی گئی ہے۔ ترجمان ابوعبیدہ نے کہا 24 گھنٹے میں مزید 21 اسرائیلی ٹینک اور گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ۔ ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ میں جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی تاکہ وہ حماس کے خلاف بغاوت کر دیں۔

فلسطینی اولمپک کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 47 فلسطینی ایتھلیٹ بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے ایک بار پھر غزہ کی جنگ کے دوران بچوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پورے محلے جہاں بچے کھیلتے اور سکول جاتے تھے اب ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔غزہ کی پٹی تک جان بچانے والی امداد پہنچانے پر عائد پابندیاں بچوں کے لیے ایک اور سزائے موت ہیں۔

صیہونی فوج کی فی میل کیپٹن کوشریک اسرائیلی فوجی ترجمان بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ ایک تازہ ویڈیو میں غزہ میں ایک اسرائیلی فوجی کو بچوں کے کھلونوں کی ایک دکان میں قہقے لگاتے اور تمسخر اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔اسرائیلی فوجی کی طنز سے بھرپور یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی جب غزہ کی پٹی میں قیامت برپا ہے اور لاشیں اٹھانے والا کوئی نہیں۔