کراچی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں کراچی وائٹس نے ایبٹ آباد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 155رنز بنائے،خرم منظور 36 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،عمیر یوسف نے36، دانش عزیز نے 22، اور اعظم خان نے 14 رنز بنائے۔ شہاب نے 28 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،فیاض اور عادل ناز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں،جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں پر 146رنز بناسکی،اعتزاز حبیب نے26 گیندوں پر 43رنز کی مزاحمتی اننگ کھیلی،فیاض خان نے 9 گیندوں پر جارحانہ 23 رنز بنائے،احمد خان نے 19، فخر زمان نے 18 اور خالد نے 10 رنز بنائے،شاہنواز دھانی نے 16 رنز دے کر 3 کھلاڑی آوٹ کیے،انور علی، آفتاب ابراہیم اور دانش عزیز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 50 لاکھ روپے دیے گئے،رنرزاپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی،پلیئر آف دی ٹورنامنٹ افتخار احمد کو ڈھائی لاکھ روپےملے،ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر صاحبزادہ فرحان،بہترین بولر شہاب خان اوربہترین وکٹ کیپر سجاد علی جونئیر کو بھی ڈھائی، ڈھائی لاکھ روپے ملے،فائنل کے پلیئر آف دی میچ شاہ نواز دھانی کو 50 ہزار روپے دیے گئے۔