ایک روز میں اسرائیل کے غزہ پر 250 حملے، 300 فلسطینی شہید

غزہ (اُمت نیوز)غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، المغازی کیمپ پر تازہ بمباری میں 55 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ ایک ہی روز میں اسرائیل کے 250 حملوں میں 300 افراد شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے ایک اسکول اور وسطی غزہ میں گھر کو بھی نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید و متعدد زخمی ہوگئے، ادھر خان یونس کا مرکزی اسپتال النصر شہیدوں اور زخمیوں سے بھرگیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ سات اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار ہوگئی جب کہ اسرائیل کے وھشیانے حملوں میں 50 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ حماس کے خاتمے کی شروعات ہوچکی، حماس کے درجنوں جنگجوؤں نے اسرائیلی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

حماس نے بینجمن نیتن یاہو کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ابھی جنگ جاری ہے، اسرائیلی قیدیوں کو فوجی طاقت کے ذریعے رہا نہیں کرایا جا سکتا، گلیوں میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے جس میں اڑتالیس گھنٹے کئے دوران 40 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا جب کہ غزہ میں حماس کی کارروائیوں میں 450 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے۔