بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے گی

بھارت (اُمت نیوز)بھارتی سپریم کورٹ 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے کشمیری جماعتوں کی جانب سے دائر اپیلوں پر محفوظ فیصلہ آج بروز پیر سنائے گی۔
کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے ایک جج جسٹس ایس کے کول دسمبر کے آخر میں ریٹائر ہو رہے ہیں جبکہ 15 دسمبر سے بھارتی سپریم کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات شروع ہو رہی ہیں اس لیے عدالت نے حتمی فیصلہ 11 دسمبر کو سنانے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے اگست اور ستمبر کے دوران کیس کی ہنگامی بنیادوں پر سماعتوں کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پانچ اگست 2019 کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے ملک کے آئین کی شق 370 پارلیمان کے ذریعے ختم کردی تھی۔ اس شق کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو نیم خود مختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے۔
پارلیمان سے پاس ہونے والے مودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔