کراچی (اُمت نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابلِ معافی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور نرسریوں کو ختم کرنا ہو گا۔
آصف زرداری نے پولیس کے شہید جوانوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ درابن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، دہشت گردوں نے تھانے کے مین گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی، حملے میں تھانے کی چھت گر گئی ہے، دہشت گردوں نے تھانے کے اندر گھسنے کی کوشش کی، حملے میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔
واقعے میں 16 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔