عمران اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

راولپنڈی (اُمت نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت آج ہوگی۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین سفارتی سائفر گمشدگی کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کریں گے۔

عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں آج فرد جرم عائد کیا جائے گا۔

سماعت کے لیے ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس نقوی اور شاہ محمود کی فیملی اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے۔

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے نقول فراہم کرنے کی سماعت کا خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 4 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ دوران سماعت میڈیا اور دیگر افراد کمرہ عدالت میں موجود رہے، سماعت کے دوران عدالت نے سی آر پی سی کی دفعہ 352 کے تمام تقاضے پورے کیے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ اسیکیوٹر کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 6 میں حکومتی حکم نامے کو ضروری قرار نہیں دیا گیا، پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 6 کے تحت حکومت کی جانب سے عمومی یا خصوصی حکم نامہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔