نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ سابق وزیراعظم کی العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کرے گا۔
نوازشریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے جب کہ آج نیب کی جانب سے اپیل پر دلائل دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل مکمل کیے تھے۔
گزشتہ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کا فیصلہ کیا اور احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی تھی۔
عدالت نے مرحوم جج ارشد ملک کی ویڈیو عدالت میں چلانے کا عندیہ بھی دیا تھا، سماعت کے دوران نواز شریف نے حسین نواز کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے دستاویزات سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔