ورلڈکپ میں پاکستان کی مضبوط ٹیم سامنے آئے گی: فخر زمان

لاہور (اُمت نیوز) قومی اوپنر فخر زمان نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی مضبوط ٹیم سامنے آئے گی۔
فخرزمان نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں کسی ٹیم کے بارے میں ہم پیشگوئی نہیں کرسکتے، کسی اچھے دن کمزور ٹیم بھی مضبوط حریف کو ہرادیتی ہے، میزبان ملکوں کی کنڈیشز کو دیکھتے ہوئے جس طرح کی پلاننگ ہورہی ہے میں امید کرتا ہوں کہ پاکستان کی مضبوط ٹیم سامنے آئے گی۔
ورلڈکپ میں شاندار اننگز کے بعد پرستاروں کی تعداد بڑھنے کے سوال پر فخرزمان نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں ایشیا میں لوگ کرکٹ سے بڑا لگاؤ رکھتے ہیں، اچھی کارکردگی سے پذیرائی بھی ملتی ہے، پرفارمنس نہ ہوتو لوگ ناراض بھی ہوتے ہیں، ہمارے ذہن میں بھی ہوتا ہے کہ فینز کیلئے کچھ کرنا ہے، برے وقت میں بھی مجھے بڑی سپورٹ ملی، اس لحاظ سے خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
فخر زمان نے کہا کہ لاہور قلندرز نے مجھے ابھی ریلیز کیا ہے مگر میں پی ایس ایل میں اسی ٹیم کی جانب سے کھیلوں گا، یاد رہے کہ گزشتہ کئی سیزنز سے فخر زمان قلندرز کی ہی نمائندگی کر رہے ہیں۔

"بیزبال” کے انداز میں جارحانہ ٹیسٹ کھیلنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچز ہی اصل کرکٹ ہیں، میری تو خواہش ہے کہ تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیلوں، جب بھی موقع ملے ڈومیسٹک میں 4 روزہ میچز کھیلنے سے لمبی کرکٹ کھیل سکتا ہوں، ٹیسٹ سے تکنیک اور کارکردگی میں بہتری لانے کا موقع ملتا ہے، یہ کسی بھی بیٹر کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔