فائل فوٹو
فائل فوٹو

دہشتگردانہ حملے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ، پی ٹی آئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔زخمیوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے مطالبے کے ساتھ ان کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا کی ۔ تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ انتخابات سے قبل اس نوعیت کے واقعات باعثِ تشویش اور زائدالمیعاد نگرانی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور شہریوں کی جان و مال کی سلامتی و تحفظ کیلئے ریاستی مشینری کی جانب سے دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما ذوالفقار بخاری عرف زلفی بخاری نےلندن میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا ہے کہ بعض مغربی ملک پاکستان میں کمزور حکمران چاہتے ہیں مگر ان کی جماعت رواں عام انتخابات میں ضرور حصہ لے گی، ہمیں مساوی مواقع نہیں د ئیے جا رہے لیکن ہمیں پتا ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم الیکشن جیتیں گے، ہمیں صرف ووٹ ڈالنے کا حق ملے۔ تحریک انصاف دیگر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ آزاد، شفاف اور بروقت الیکشن کو یقینی بنانے کے لیے بیٹھنے کو تیار ہے۔