خاتون ٹیچرکو ہراساں کرنے پرچیئرمین لاڑکانہ بورڈ نسیم میمن برطرف

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے لاڑکانہ بورڈ کے چئیرمین نسیم میمن کو عہدے سے برطرف کردیا،انکی برطرفی پپلک اسکول حیدرآباد کی خاتون ٹیچرکو ہراساں کرنیکا الزام ثابت ہونے پرصوبائی محتسب برائے ویمن ہراسمینٹ ایٹ ورک پلیس کے فیصلے کی روشنی میں عمل میں لائی گئی،نسیم میمن نے دوران ملازمت بطورپرنسپل حیدرآباد پبلک اسکول خاتون ٹیچرکو ہراساں کیا تھا جس پرخاتون ٹیچرنے صوبائی محتسب کو شکایت کی تھی،نسیم میمن نے یہ کیس 6برسوں تک اثرورسوخ استعمال کرکے دبائے رکھا۔

خاتون ٹیچرنے درخواست کے ساتھ ثبوت کے طور پرنسیم میمن کے مسیجز محتسب کے دفترمیں جمع کرادیئے تھے،اس کے باوجود نسیم میمن اعلی سرکاری عہدوں پربراجمان رہا،جب انکا اصل چہرہ سامنے آگیا تو نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقرنے انہیں عہدے سے برطرف کردیا،ذرائع کے مطابق نسیم میمن نے محتسب کے فیصلے کیخلاف گورنرسندھ سے اپیل کی ہے کہ انہیں بے گناہ قراردیا جائے اوراس سلسلے میں وہ مختلف سیاسی شخصیات اورسرکاری افسران سے سفارش بھی کروا رہے ہیں،گورنرسندھ پرمحتسب کے فیصلے کو مسترد کرنے کیلئے شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے مگر گورنرتاحال کسی کے دباؤ میں نہیں آرہے، قبل ازیں پروفیسر نسیم احمد کو خلاف ضابطہ تقرری پرانٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے عہدے سے ہٹاکرلاڑکانہ بھیج دیا گیا تھا۔