غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، شدید بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت مزید 416فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ شہدا ء کی مجموعی تعداد 19 ہزار کے قریب ہوگئی جبکہ 50 ہزار زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ سے درجنوں افراد کو اغوا بھی کرلیا۔دوسری جانب ترجمان القسام بریگیڈ کا کہنا ہے انہوں نے تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ خان یونس کے شمالی محاذ پر دو اسرائیلی ٹینکوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کی وڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خان یونس کے ہسپتالوں کے ارگرد بھی بمباری کی ، شمالی غزہ کے رہائشیوں کو دوبارہ انخلا کا حکم دے دیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں مستقل رہنے کا کوئی ارادہ نہیں، جنگ کے مقاصد حماس کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی واپسی ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں تقریب میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا حماس کو ختم کرنے تک اسرائیل کی فوجی امداد جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر، حماس اور اسرائیل کے درمیان فلسطینی اور اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے کے ایک اور معاہدے کے لیے خفیہ مذاکرات کا انکشاف ہوا ہے ۔فریقین جن شرائط پر بات کر رہے ہیں ان میں تقریباً 300 فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوجی ترجمان نے میڈیا کو بتایا، زمینی کارروائیوں کے بعد سے اب تک ہماری 105 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جن میں سے 20 حادثات تھے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا غزہ میں زمینی حملوں کے دوران دستوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 20 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی وزارت خزانہ نے کہا ہے اسرائیل نے نومبر میں تقریبا 4.5 بلین ڈالر کا بجٹ خسارہ ریکارڈ کیا۔ اخراجات میں یہ اضافہ غزہ میں حماس کے خلاف دو ماہ سے جاری جنگ کی مالی اعانت کی وجہ سے ہوا۔ دریں اثنا امریکی سینٹ کے دفتر کی عمارت میں فلسطین کے حامی کارکنوں کے ایک گروپ نے ایک احتجاجی ریلی نکالی اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ محصور غزہ پٹی میں مستقل جنگ بندی پر زور دے۔ امریکی مہم برائے فلسطینی حقوق اور جیوش وائس فار پیس جیسے گروپوں کے درجنوں کارکن امریکی سینٹ کے دفتر کی عمارت میں پہنچے اور فلسطینیوں سے حمایت میں اپنا ا حتجاج ریکارڈ کروایا ۔ امریکی پولیس نے ایک کارکن کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ 51 فٹ اونچے مجسمے پر چڑھ گیا اور فلسطینی پرچم لہرا نے کی کوشش کر رہا تھا ۔ پولیس کا کہنا ہےمجموعی طور پر 51 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔