استنبول: (اُمت نیوز) ترکش فٹبال ایسوسی ایشن نے ایک کلب کے صدر کی طرف سے ریفری کو گراؤنڈ پر مکے مارے جانے کے بعد ترکیے کی فٹبال لیگز کے تمام میچز منسوخ کر دیے۔
گزشتہ روز ایریمان سٹیڈیم میں ترکش کلب انقرہ گوکو اور رائزس پور کے درمیان میچ میں انقرہ گوکو کی ٹیم کو ایک گول کی برتری حاصل تھی اور میچ کے 90 منٹ مکمل ہو چکے تھے۔
میچ ریفری کی جانب سے 7 منٹ کا انجری ٹائم دیا گیا جس کے آخری منٹ میں رائزس پور نے گول برابر کر دیا، یہ بات انقرہ گوکو کے صدر فاروق کوکا کو ناگوار گزری اور انہوں نے فیلڈ میں داخل ہوکر میچ ریفری کو زوردار مکا دے مارا۔
منظر دیکھ کر میدان میں بھگدڑ مچ گئی جس سے ریفری بالیل میلر مزید زخمی ہوئے جس کے بعد طبی امداد کیلئے انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، اگلے روز عدالت نے فاروق کوکا کی گرفتاری کا حکم دیا اور دو ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب ترکش فٹبال ایسوسی ایشن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترکش فٹبال کا شرمناک ترین دن ہے، اس واقعے کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ترکیے کی تمام فٹبال لیگز کے میچز منسوخ کر دیے ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا اور ریفری کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔