راولپنڈی: سائفر کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
فرد جرم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عائد کی، شاہ محمود قریشی اور عمران خان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کی۔
دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے فرد جرم میں لگائے گئے الزامات کو لغو اور من گھڑت قرار دے دیا۔
ملزمان نے کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم غلط اور غیر قانونی ہے جسے چیلنج کریں گے۔
پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ ہم جمعرات کو گواہان کے بیان ریکارڈ کرائیں گے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 سرکاری گواہان طلب کرلیے اور کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ۔