نئی دہلی: بھارتی پارلیمنٹ میں دو نامعلوم افراد نے دھواں چھوڑ دیا،مہمانوں کی گیلری میں موجود ان افراد کو پولیس نےحراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نامعلوم افراد مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے، انہوں نے اپنے جوتوں سے چھوٹا سا ایک ڈبہ نکالا اور پورے ایوان میں دھواں پھیلا دیا۔
ٹیلی ویژن فوٹیج میں انہیں ایک میز سے دوسری میز پر چھلانگ لگاتے دکھایا گیا ۔ایوان کے اندر موجود ارکان نےبتایا کہ وہ ’آمریت قبول نہیں کی جائے گی‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس کے علاوہ پارلیمنٹ کی حدود سے مزید دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا، امول نامی ایک شخص کا تعلق مہاراشٹر اور نیلم نامی ایک خاتون کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے۔
پارلیمنٹ میں داخل ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت ساگر شرما کے طور پر کی گئی ہے جب کہ دوسرے شخص کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔