اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے سائفر کیس میں اپنے بھائی کو بچانے کے لیے برطانیہ کی عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میڈیا کا جیل میں ہونا ضروری تھا لیکن میڈیا کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی ذوالفقار علی بھٹو کے راستے پر لے جایا جا رہا ہے، عمران خان کے کیس کو جس تیزی سے لے جایا جا رہا ہے، اس سماعت سے بڑا مذاق نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے سلیمان، قاسم اور فیملی برطانیہ میں کیس کریں گے، ہمیں افسوس ہے کہ ہم عالمی عدالتوں میں جا رہے ہیں لیکن ہم بانی پی ٹی آئی کو پھانسی کے پھندے سے بچائیں گے کیونکہ سزائے موت عمران خان کو نہیں عوام کو ہونے جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کیس ہم ڈونلڈ لو کے خلاف امریکا میں کرنے جا رہے ہیں، جنرل باجوہ نے عوام کی منتخب حکومت کو گرایا، جنرل باجوہ، حسین حقانی اور ڈونلڈ لو ملوث ہیں، امریکی حکومت بتا دے کہ ڈونلڈ لو نے کیا پیغام دیا تھا۔