اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
توشہ خانہ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی جس میں نیب نے بانی پی ٹی آئی کے سات روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
سماعت میں بانی پی ٹی آئی کی جانب وکیل شہباز کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے تھے، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفرعباسی اور تفتیشی ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔
وکلا صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی، فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے عمران خان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ بانی پی ٹی آئی کو 16 دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عدالت نے کل توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کی تھی اور گرفتاری ڈال دی تھی۔