اسلام آباد : سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر نوازشریف اینٹی اسٹیبلشمنٹ کھڑے ہوگئے تو پاکستان کی خدمت کریں گے۔ نوازشریف کو عرض کرنا چاہیے کہ عمران خان سمیت سب گرفتار لوگوں کو کو رہا کریں۔ تمام سیاسی لیڈروں کی بجائے نوازشریف نے لمبا عرصہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ سیاست کی۔ میں نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے پر اختلاف کیا تھا۔ نواز شریف ، عمران خان ، زرداری اور مولانا فضل الرحمان سب نے مل کر باجوہ کو ایکسٹینشن دی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوازشریف کی 1990سے آج تک کی سیاست کو دیکھاجائے تو انہوں نے اینٹی اسٹیبلشمنٹ رہنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔ جب انہوں نے کہا تھاکہ میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا اس وقت ہم نے کہا تھا کہ وہ ہمارے لیڈر ہیں۔ میں مسلم لیگ کو جوائن نہیں کررہا تھا، بڑی مشکلوں سے جوائن کیا ۔ ہمیشہ ان کی کوشش اینٹی اسٹیبلشمنٹ بات کرنا رہی ہے۔ ہمارے ملک میں طاقت اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے۔ جب تک شفاف انتخابات نہیں ہوتے اور طاقت عوام کے پاس نہیں آتی ملک چل ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اختلاف ہوتا ہے کہ کبھی نوازشریف نے بھی کمپرومائز کئے۔ لیکن وہ پھر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ اس وقت واحد عمران خان ہے جو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھڑا ہوا ہے۔ اس لئے عوام کہتے ہیں ہم عمران خان کو لائیں گے۔ اگر عمران خان نے بھی کمپرومائز کرلیا تو اس کا حال بھی باقی سیاستدانوں جیسا ہوگا۔