پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے2 وکٹ کے نقصان پر 132 رنز بنا لیے، 355رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے ۔
پرتھ کے واکا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا۔جب قومی ٹیم کا اسکور 74 رنز پر پہنچا توعبد اللہ شفیق ناتھن لیون کی گیند پر لیگ سلپ میں ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان شان مسعود تھے انھوں نے30رنز بنائے،وہ اسٹارک کی گیند کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے،امام الحق 38رنز اور خرم شہزاد7رنز بنا کر کریز پر موجود ہین۔
قبل ازیں میزبان ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 346 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 411 رنز پر ایلکس کیری کی صورت میں ہوا جنہیں عامر جمال نے بولڈ کیا جبکہ مچل سٹارک بھی 9 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کھانے کے وقفے پر مچل مارش 90 اور پیٹ کمنز 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے، انہیں خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پرعامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 6 وکٹیں لینے والے 14 ویں بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔