اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کے واقعہ میں پو لیس اہلکار بیٹے سمیت جاں بحق ہو گیا، ملزمان فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق میں ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف ڈیوٹی ختم کرکے بیٹے کے ہمراہ گھر جا رہا تھا کہ اس نے راہزنوں کو ڈکیتی کرتے پایا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلح ملزمان کو ڈکیتی کرتے دیکھ کر اہلکار اشرف نے ان کی جانب دوڑ لگا دی، اہلکار کو دیکھ کر ملزمان فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، پولیس اہلکار نے ملزمان کو دبوچا تو اس کا بیٹا بھی مدد کو آگیا۔
دونوں کو اپنے اوپر حاوی ہوتا دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے باعث ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور بیٹا ذیشان جاں بحق ہو گئے۔فائرنگ کرنے کے بعد راہزن فرار ہوگئے۔ہیڈ کانسٹیبل اشرف پولیس لائن ہیڈ کواٹرز میں تعینات تھا۔
سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشیں پمز ہسپتال منتقل کردی گئی جبکہ معاملے کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات بھی جاری ہیں۔