لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما سردار لطیف کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں پرامید ہوں نفرتوں کی سیاست ختم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں، صرف ملک اور جمہوریت کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے۔
سردارلطیف کھوسہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نفرتوں کو دفن کرکے نئے سفر کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے، آئین کے اندر ہر چیز کا حل موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی آئین کی خلاف ورزی ہوئی ریاست کو نقصان پہنچا، ہم نے جب جب آئین سے انحراف کیا ریاست کو نقصان پہنچا۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ توقع ہےعدلیہ انصاف کے ترازو کو تھام کر انصاف کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارے ہمارے ہیں، فوج بھی ہماری ہے، آئین میں تمام اداروں کی حدودو قیود متعین ہیں، آئین میں درج ہے کہ فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور عوام کے ٹیکسز سے ان کو تنخواہیں ملتی ہیں۔
واضع رہے چند ماہ قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے عمران خان کی وکالت کرنے پر لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، لطیف کھوسہ کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر پیپلز پارٹی نے ان کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔