جنگ بندی کیلئے اسرائیلی سفارت کار کی قطری وزیراعظم سے ملاقات

دوحا : دوبارہ جنگ بندی کیلئے اسرائیل اور قطر کے حکام کے درمیان ناروے میں ملاقات ہوئی ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق۔ ادھر قطرنے بھی تصدیق کردی ہے کہ غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی کیلئے اسرائیل، قطر اور مصری حکام کے درمیان بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دوبارہ جنگ بندی کیلئے اسرائیلی سفارت کار کی قطر کے وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر عارضی جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ عارضی جنگ بندی سے متعلق مثبت پیش رفت کی امید ہے جو جنگ کے خاتمے، فلسطینی بھائیوں کی خونریزی روکنے اور سنجیدہ مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔
دوسری جانب ایک امریکی اخبار نے بھی دعویٰ کیا ہےکہ غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی پر بات چیت ایک بار پھر شروع ہوگئی ہے۔امریکی اخبار کے مطابق اسرائیل اور قطر کے حکام ناروے میں ملاقات کریں گے جس میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے تبادلے پر بات چیت ہوگی۔ حماس نے غزہ پر اسرائیل حملے مکمل رکنے تک یرغمالیوں سے متعلق مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔جاری بیان میں کہا گیا ہے حملے رکنے تک یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت نہ ہونےکے موقف پر قائم ہیں۔حماس کے مطابق انہوں نے بات چیت کی کوششوں میں شامل تمام ثالثوں تک اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔