8فروری کو آئی ایم ایف کے غلاموں کو شکست ہوگی،سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ جب تک ملک کی قیادت پیراشوٹرز کے بجائے گراسروٹرز کے پاس نہیں آتی، مسائل حل نہیں ہونگے، آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی عوام کیلئے بہترین آپشن ہے جس کی تنظیم اور ووٹرز ملک بھر میں ہر گلی اور محلے میں موجود ہیں، جماعت اسلامی کا منشور ایک فلاحی،خوشحال اور پرامن ریاست کا مکمل ضامن ہے،تینوں بڑی پارٹیاں کئی بار موقع ملنے کے باوجود مکمل نا کام ہوئیں اور عوام کو مایوس کیا، امن، ترقی اور خوشحالی ہر پاکستانی کا بنیادی اور آئینی حق ہے،آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے فرسودہ نظام کا خاتمہ کرینگے،پاکستان کو دو خاندانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،8فروری کو آئی ایم ایف کے غلاموں کو شکست ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں یوٹیوبرز اور وی لاگرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا پی آئی اے،اسٹیل ملز،ریلوے،تعلیم اور صحت جیسے شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں،عوام مایوس اور پریشان ہے،بے روزگاری،مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کیا،جماعت اسلامی ملک بھر سے ترازو کے نشان کیساتھ الیکشن میں بھرپور حصہ لیکر جاگیرداری اور فرسودہ نظام کو شکست دیگی۔

اہل فلسطین اور اہل کشمیر اپنی زمین پر بے جا تسلط کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے،کسی قسم کا دوریاستی حل ناقابل قبول ہے،فلسطین کا فیصلہ وہاں کے باشندوں کی مرضی اور منشاء سے ہونا چاہئے،پاکستان کے عوام اہل فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں مل رہا،مہنگائی سے غریب کی کمرٹوٹ رہی ہے اور بنیادی ضروریات کاحصول بھی مشکل ہوچکا ہے۔