جکارتہ (اُمت نیوز)انڈونیشیا میں اتوار کے روز ایک بار پر بڑا عوامی احتجاج اور مظاہرے غزہ جنگ کے خلاف سامنے آئے ہیں۔ دارالحکومت جکارتہ میں ایک بڑا مظاہرہ اسرائیلی جنگ کے سب سے بڑے حامی اور اسرائیلی اتحادی امریکہ کے سفارت خانے کے سامنے کیا گیا۔ مظاہرین جنگ بندی اور جنگی جرائم بند کرو کے نعرے لگارہے تھے۔
جکارتہ کے علاوہ بھی پورے ملک میں جگہ جگہ عوام نے غزہ کے شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑے بڑے مظاہرے کیے ہیں۔ ان مظاہروں کی اپیل ملک کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر دی تھی۔
ملک بھر میں جگہ جگہ جمع ہونے والے مظاہرین نے انڈوینشیا کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ امریکہ سے اپنا سفیر احتجاجاً واپس بلایاجائے کہ اس جنگ اور جنگی جرائم میں امریکہ اسرائیل کا پوری طرح ساتھ دے رہا ہے۔
واضح رہے امریکہ اور مغربی ممالک کی غیر معمولی مدد کے ساتھ غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک 19000 سے زیادہ فلسطیی شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ 19 لاکھ سے زیادہ بے گھر اور بے در ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوجی محاصرے کے باعث غزہ کے بے گھر شہری اب پانی اور خوراک تک سے محروم ہیں۔