کالعدم ٹی ٹی پی کے 40 دہشتگرد گرفتار،افغان حکومت کی تصدیق

افغانستان(اُمت نیوز)افغان میڈیا نے ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کی گرفتاری کی بڑی اطلاع دے دی،امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت داخلہ نے پہلی بار تسلیم کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں تحریک طالبان پاکستان کے تقریباً چالیس دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ عبدالمتین قانی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس داعش کے قیدیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور تقریباً 35 سے 40 ٹی ٹی پی کے دہشتگرد ہماری قید میں ہیں،افغان ٹی وی’ٹولو نیوز ‘نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹی ٹی پی کے ان دہشتگردوں کی گرفتاریاں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے بارے میں معلومات سے ممکن ہو سکی ہیں۔

حال ہی میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا تھا کہ افغانستان کی عبوری حکومت اپنی سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرے،وزارت خارجہ پاکستان نے کہا تھا کہ افغانستان پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔

افغان میڈیا کے مطابق امارت اسلامیہ نے اعادہ کیا ہے کہ موجودہ افغان حکومت ٹی ٹی پی کے بارے میں کوئی ثبوت ملنے پر فوری کارروائی کرے گی،ٹی ٹی پی کے ان مٹھی بھر دہشتگردوں کی گرفتاریوں کے افغانستان اور پاکستان کے تعلقات پر اثرات غیر یقینی ہیں،ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر افغانستان نے سنجیدگی سے اس مسئلے کا حل نکالا تو ممکن ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آ جائے۔