9مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک

لاہور(اُمت نیوز)9مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی درخواست پر نادرہ نے9 اور 10 مئی کے مقدمات کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے۔

لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے 18 اشتہاری ملزمان رہنماوں کے شامل تفتیش نہ ہونے اور انسداد دہشتگردی عدالت پیش نہ ہونے پر شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے، شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔