کراچی : نالہ متاثرین کو معاوضہ ادائیگی،میئرو متعلقہ حکام سے جواب طلب

کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے گجر، اورنگی ، محمود آباد نالہ متاثرین کو گھر اور معاوضے کی ادائیگی سے متعلق دائر درخواستوں پرمیئر کراچی اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے اور کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی ہے۔ پیر کو سماعت کے موقع پر بینچ نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہوا یا نہیں،وکیل متاثرین نے بتایا کہ متاثرین کو کرایہ کی مد میں کافی حد تک چیک مل گئے ہیں ابھی تک حکومت نے متبادل گھر کے حکم پر عمل در آمد نہیں کیا۔
سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ 80 گز کا گھر بنا کر دینا ہے یا رقم دینی ہے،حکومت نے اپنی رپورٹ میں عجیب و غریب موقف اختیار کیا ہے،رپورٹ میں چیف سیکریٹری نے کہا ہے کہ ملیر میں سیکیورٹی کے مسئلے ہیں رپورٹ میں کہا ہے کہ پولیس سے کنٹرول نہیں ہو پارہے اور پرائیوٹ سیکیورٹی طلب کی گئی ہے عجیب بات ہے یہ حکومت کو پولیس سے زیادہ پرائیویٹ سیکیورٹی پر اعتبار ہے یہ عدالتی حکم پر عمل در آمد نہ کرنے کا بہانہ ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ میرے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں 1479 چیک تاحال تقسیم نہیں ہوئے ہیں،سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے گجر نالہ اور اورنگی ٹاؤن نالے کے متاثرین نے احتجاج کیا احتجاج میں عورتیں ، بچوں اور مرد حضرات کی بڑی تعداد شریک ہوئی متاثرین کا کہنا تھا کہ ابھی تک انہیں متبادل گھروں کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی دو سال پہلے سندھ حکومت نے یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک مکان نہیں ملے۔