نگران وزیراعظم کی امیرکویت سے نواف الاحمد الجابر کے انتقال پر تعزیت

کویت: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت عزت مآب نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کے لیے آج کویت کا دورہ کیا۔ کویت کے نئے امیر عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اپنی، قیادت، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کویت نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے جنہوں نے اپنی بصیرت سے کویت کو ایک خوشحال ریاست میں تبدیل کیا، انہیں پاکستان کے خیرخواہ اور دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الصباح نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان اور کویت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔