بھارت میں ہندو توا کا پردہ چاک ہوگیا، احمد شاہ،نگراں وزیرِاطلاعات سندھ

کراچی: بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کےیوم پیدائش کی تقریبات کے حوالے سے سندھ کے نگراں وزیرِ اطلاعات ، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے نگران وزیر قانون عمر سومرو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ آرٹس کونسل آف پاکستان میں علی عظمت کی بنائے ہوئے قائدِ اعظم کے پورٹریٹ اور فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر آرٹس کونسل کے اراکین اور شائقینِ فن کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہمیں کچھ شرمندہ بھی ہونا چاہئے کہ قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تقریر کے مطابق پاکستان کو اب تک نہیں بناسکے،انتہاپسند ہندو بھارتی حکومت اور اب بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھارت میں ہندوتوا کا پردہ پوری طرح چاک ہوگیا ہے،بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جس طرح کا سلوک ہورہا ہے اس کے بعد اب ہمیں قائدِ اعظم کے پاکستان کو زیادہ مضبوط کرنا ہوگا جہاں ہر قوم، ہر مذہب کے لوگوں کو آزادی کے ساتھ رہنے اور زندگی گزارنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں ۔

احمد شاہ نے کہا کہ نگران سندھ حکومت مکمل غیر جانبدار اور الیکشن کے فرائض کی ادائیگی کے لئے تیار ہے، سیاسی رہنماؤں کے بیانات پر جہاں ضروری ہوتا ہے کارروائی کی جاتی ہے۔اس موقع پر وزیر قانون عمر سومرو نے علی عظمت کی پینٹنگز کو سراہا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قائد اعظم نے ہمیں ایک آزاد وطن کا تحفہ دیا۔ہمیں پاکستان کو قائدِ اعظم کے تصورات کے مطابق بنانا ہے۔