پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس میں الیکشن کمیشن کو 21دسمبر تک حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس کی سماعت ہوئی ،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے سماعت کی، سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹراپارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کے حوالے سے نوٹس میں مزید توسیع کی جائے،گزشتہ سماعت پر عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نوٹس دیا گیا تھا، جس میں الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کا کہا گیا تھا۔
وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے کہاکہ ہم نے آج جواب جمع کرایا ہے،بیرسٹر گوہر خان نے کہاکہ ہمیں بھی اس کی کاپی فراہم کی جائے،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہاکہ یہ آپ کا قانونی حق ہے، آپ کو کاپی فراہم کریں گے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن نوٹس کیخلاف عبوری ریلیف میں 21دسمبر تک توسیع کر دی اور الیکشن کمیشن کو 21دسمبر تک حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔