اسلام آباد: سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اب تک کارروائی کو کالعدم قراردے کر بری کرنے کی استدعا کردی۔
بانی پی ٹی آئیہ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 23 نومبر سے اب تک کی کارروائی غیرقانونی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 12دسمبر کو ٹرائل کورٹ نے سائفر کیس کے خلاف ہماری درخواست مسترد کی، ٹرائل کورٹ کے جج نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 13 (2)(3) میں لفظ ”شکایت“ کی درست تشریح نہیں کی۔
درخواست کے مطابق قانون میں لفظ ”شکایت“ کی تشریح واضح ہے، جس میں پولیس افسر کی رپورٹ کا ذکر نہیں، کریمنل پروسیجر کی دفعہ 4 (ایچ) میں بھی لفظ ”شکایت“ کو واضح کیا گیاہے۔
درخواست کے متن میں کہا گیا کہ قانون کے مطابق شکایات کا مطلب کسی الزام پر مجسٹریٹ کے روبرو زبانی یا تحریری استدعا ہے۔