لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابات سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں۔ مسلم لیگ ق سندھ کے صدر طارق حسن اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی صدر چوہدری شجاعت سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں، ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے، اور اس کے لئے آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات انتہائی ضروری ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے، پاکستان مسلم لیگ بھی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اور ہر میدان میں عوام کی نمائندہ جماعت بن کر ترجمانی کرے گی۔ سربراہ ق لیگ نے کہا کہ عوام کو اپنے مستقبل کیلئے آج ہی فیصلہ کرنا ہوگا اور روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعورکو ووٹ دینا ہوگا۔