کراچی (اُمت نیوز)وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے کراچی کے لیے اچھی خبر جاری کی گئی ہے، نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر کی مداخلت کے بعد اے جی سندھ نے بسوں کیلئے فنڈز جاری کر دیے۔
کراچی پورٹ پر کھڑی بسوں کے کسٹم میں رُکنے کی وجہ جاری کردہ فنڈ کی اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ سے تصدیق نہ ہونا پائی گئی تھی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا ہے کہ اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) سندھ کے پیدا کردہ مسئلے کے باعث 30 بسیں پورٹ پر خراب ہو رہی ہیں۔ اگر بسیں خراب ہوئیں تو اس کے ذمہ دار اے جی سندھ ہوں گے۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چین سے برآمد 30 بسوں کےلیے سندھ حکومت یکم دسمبر 2023ء کو ایک ارب روپے جاری کر چکی ہے۔ 6 دسمبر 2023ء سے فنڈز کی منتقلی رکی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ٹریژری آفس کو رقم منتقل کرنے کا اختیار ہے، مگر بدقسمتی سے اے جی سندھ اب ٹریژری کی تصدیق نہیں مان رہا۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کسٹمز ڈیوٹیز ادا کرنے کا پابند ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر ادائیگیاں کرکے بسوں کو ریلیز کروائیں، اور محکمہ ٹرانسپورٹ بسوں کو ریلیز کرا کے سڑکوں پر لائے۔
مقبول باقر نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کوریڈور کیلئے جلد رابطہ کروں گا۔