راولپنڈی (اُمت نیوز)مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما ملک نور اعوان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے آج تک میرے پیسے نہیں دئے، شیخ رشید نے 1997 سے لیے ہوئے بائیس لاکھ دینے ہیں، وہ میں لے کر رہوں گا۔
راولپنڈی میں ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک نور اعوان نے کہا کہ انہوں نے این اے 46 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص کراچی سے آئے اور سرینا میں رکے وہ انتخابات نہیں جیت سکتا، ہم پنڈی کے لوکل لوگ ہیں بھرپور مقابلہ کریں گے۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ قائد نے جس کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ٹکٹ اسے ہی ملے گا۔
دوسری جانب سابق ڈپٹی مئیر اسلام آباد ذیشان نقوی ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم مسلم لیگ کے ورکر ہیں، اگر مسلم لیگ ن نے ٹکٹ دیا تو لیڈ سے جیتیں گے، آخر میں ٹکٹ کا فیصلہ میاں نواز شریف نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں امیدواران کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں، پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد ٹکٹوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہو گا۔
ذیشان نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت سب سے بڑا مسلئہ پانی کا ہے، اسلام آباد کے لوگوں کو برابری کی سطح پر حقوق دلوانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بھر پور طریقے سے انتخابات لڑے گی