اسلام آباد: سارہ انعام قتل کیس میں مجرم شاہنواز امیر نے سزائے موت کے فیصلے کیخلاف اپیل دائرکردی۔
ایڈووکیٹ نثار اصغر کے ذریعے ٹرائل کورٹ کافیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیاگیا،اسلام آباد ہائیکورٹ سے ٹرائل کورٹ کا 14دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور شاہ نواز امیر کو مقدمے سے بری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ شاہنواز امیر کو سزا دینے کا ٹرائل کورٹ کافیصلہ خلاف قانون ہے،فرد جرم کیلیے استغاثہ نے کہانی گھڑی تھی،استغاثہ ٹھوس شواہد پیش کرنے میں مکمل ناکام رہا،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مجرم شاہنواز امیر کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے شاہنواز امیرکو سزائے موت اور 10لاکھ ہرجانے کی سزا کا حکم دیا تھا،سارہ انعام کو 23ستمبر 2022کو اسلام آباد میں قتل کیا گیا تھا۔