کالعدم بی این اے کمانڈرکی 70ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں واپسی

کوئٹہ : نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان دشمن سازشوں کا سب سے بڑا ہدف بلوچستان رہا، ریاست کی واضح پالیسی ہے جو ناراض لوگ آئین اور قانون مانتے ہوئے قومی دھارے میں آنا چاہتے ہیں ان کو خوش آمدید کہاجائے گا، وقت آگیا کہ غلط فہمیاں اور دوریاں ختم کرتے ہوئے بلوچستان میں خوشحالی کی راہ ہموار کی جائے، قومی دھارے میں شامل ہونے والے کالعدم بی این اے کے کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی کو ساتھیوں کے ہمراہ خوش آمدید کہا ہے.

یہ بات انہوں نے بدھ کو نگراں صوبائی وزیرداخلہ میر زبیر جمالی اور ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونےوالے کالعدم تنظیم بی این اے کے کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی کے ہمراہ سول سیکریٹریٹ کوئٹہ کے سکندر جمالی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس میں کہی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلح لڑائی کرنے والے تمام بلوچ بھائی اور بہنوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے مضبوط اقدامات کئے جائیں گے، وقت آگیا کہ غلط فہمیاں اور دوریاں ختم کر کے بلوچستان میں خوشحالی کی راہ ہموار کی جائے، پہلی کاوش کے طور پر گلزار امام شمبے نے مذاکراتی راستہ اختیار کیا،سرزمین کے بیٹے کو بھارت کے مکروہ عزائم کا علم ہونے کے بعد قومی دھارے میں آنے کا سیدھا راستہ بھی مل گیا۔

کالعدم تنظیم بی این اے کے کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی نے 70 ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ کالعدم بی این اے سے علیحدگی کا اعلان کررہا ہوں، 2009 میں چند لوگوں کے بہکاوے میں آگیا تھا، بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرتا، کالعدم تنظیم مذموم مقاصد کیلئے خواتین کو استعمال کرتی،کافی لوگ قومی دھارے میں آنے کیلئے تیار ہیں، ان تمام لوگوں سے معافی کا طلبگارہیں جن کو ہماری وجہ سے تکلیفیں اٹھاناپڑیں۔