کراچی : اورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان ،ٹمبر مارکیٹ میں تاجر قتل

کراچی: اورنگی میں سفاک ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک اور نوجوان کی جان لے لی ہے۔ٹمبر مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تاجر جاں بحق۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 14 بی بنگالی پاڑہ صدیق اکبر مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گھر کے باہر 25 سالہ راحیل کو موبائل فون چھینے کے دوران فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔مقتول گھر کے باہر گلی بیٹھا موبائل فون استعمال کر رہا تھا کہ ڈاکو پہنچ گئے۔ نوجوان نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا تاہم اس دوران اس کے دوسرے ساتھی نے اس پر فائرنگ کر دی۔راحیل کو ایک گولی اسے سینے پر لگی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کو جائے واقعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 2 خول جبکہ 5 زندہ راؤنڈ ملے ہیں۔ مقتول غیر شادی شدہ اور گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔ ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ سے رواں سال کے دوران جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 131 ہوگئی جبکہ سیکڑوں شہری زخمی ہوئے ہیں۔اولڈ سٹی ایریا ٹمبر مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تاجر جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق ٹمبر مارکیٹ کے قریب دو ملزمان نے دکان میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تاجر شہزاد جعفرانی جاں بحق ہوگیا۔تاجر رہنما شرجیل گوپلانی کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان نے دکان میں داخل ہوکر تاجر کو قتل کیا اورملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دو نامعلوم نقاب پوش ملزمان موٹر سائیکل پر آئے،ملزمان نے مقتول شہزاد پرٹارگٹٹڈ فائرنگ کی،قتل کی واردات میں نائن ایم ایم ہتھیار استعمال کیا گیا،مقتول شہزاد جعفرانی لکڑی کے کاروبار سے وابستہ اور بہادر آباد کا رہائشی تھا۔ ٹمبر مارکیٹ میں دکان میں فائرنگ کا واقعہ بھتے کاشاخسانہ نکلاہے۔پولیس ذرائع اورتاجروں کا کہنا ہے کہ شہزاد جعفرانی کو لیاری گینگ وار کی جانب سے بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی جنہیں آج بدھ کے روز دکان میں گھس کر2نقاب پوش مسلح افراد نے گولیاں مارکرقتل کیا اورفرارہوگئے ۔گینگ وار نے کروڑوں روپے بھتہ طلب کر رکھاتھا،نیپئر پولیس نے محمود شاہ روڈ سے شواہد حاصل کرلئے ۔ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی مل گئی ،حملہ آوروں نے چہروں پر ماسک لگا رکھے تھے۔