اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ کی سروس ڈاؤن ہوگئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایکس (ٹوئٹر) کے صارفین کسی پوسٹ کو دیکھنا چاہیں تو کلک کرنے پر پوسٹ دکھائی نہ دینے کا پیغام یا سادہ صفحہ دکھائی دے رہا ہے۔
سوشل میڈیا صفحات پر ہیش ٹیگ ٹوئٹر ڈاؤن بھی ٹرینڈ کررہا ہے جس پر صارفین اپنے تجربات شئیر کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کے ڈاؤن ہونے پر کمپنی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق صارفین کو ایکس پرو (سابقہ ٹویٹ ڈیک) پر بھی لوڈنگ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صارفین کو ایپلیکیشن کھولتے ہی پوسٹس کا انتظار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
متعدد ممالک سے پلیٹ فارم پر مسائل کی 70 ہزار سے زائد رپورٹس موصول ہوئی ہیں، البتہ یہ پہلی بار نہیں ہوا جب سوشل میڈیا بپلیٹ فارم کو اس سال کسی بڑی بندش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایلون مسک کی ملکیت مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو مارچ، جولائی اور حال ہی میں اکتوبر سمیت متعدد بار بڑے پیمانے پر تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔