حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے، فائل فوٹو
حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے، فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوج کے ٹرک پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک پر نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں 5 ہوگئیں جب کہ دیگر 3 اہلکار شدید زخمی ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک اور ایک گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیاجب یہ ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس کی جانب ایک ٹنل سے گزر رہا تھا۔

بھارتی فوج کی گاڑیوں کو پہاڑی پر گھات لگائے حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔ حملہ اتنا اچانک کیا گیا کہ ٹرک میں موجود بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے۔

مارے گئے بھارتی فوجیوں کی شناخت بریندر سنگھ، کَرن کمار، چندن کمار اور گوتم کمار کے نام سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں سندیپ کمار، شیئم سندر داس اور ٹوڈمل بھاسکری شامل ہیں۔

حملے کا شکار ہونے والے بھارتی فوجیوں کی مدد کے لیے مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا اور سرچ آپریشن کے نام پر اپنی ناکامیوں کا غصہ عام اور معصوم شہریوں پر اتارا گیا۔

پونچھ سیکٹر حملے پر بھارت نے پاکستان کے خلاف واویلا شروع کردیا

بھارتی میڈیا نے جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں 5 بھارتی قابض فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے پاکستان مخالف واویلا تیز کردیا ہے۔ نام نہاد پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ نے پونچھ سیکٹر میں سرچ آپریشن کے دوران گھات لگاکر کیے گئے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں فوجیوں اور خصوصی ریزرو فورس کے دستوں کی تعیناتی کے باوجود مقامی کشمیر حریت پسندوں کے حملے روکنے میں ناکامی پر ملبہ پاکستان پر گرانا بھارتی قیادت اور میڈیا کا پرانا وتیرا ہے۔

حملہ آوروں نے اس واقعے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔ ان تصویروں میں وہ ہتھیار بھی دیکھے جاسکتے ہیں جن میں امریکی ساخت کی رائفلز شامل ہیں۔ 1980 کے عشرے میں تیار کی جانے والی یہ رائفلز امریکی فوج کی انفنڑی کا بنیادی ہتھیار ہے اور 80 سے زائد ممالک میں استعمال ہو رہا ہے۔

بھارتی میڈیا یہ واویلا بھی کر رہا ہے کہ پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ (پی اے ایف ایف) دراصل جیش محمد کا نیا نام بھی ہوسکتا ہے۔ حالیہ چند مہینوں میں پی اے ایف ایف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج پر ہر بڑے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا ہے۔