اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے لیے ماحول بنایا جا رہا ہے اور ان کے لاڈلا ہونے کا تاثر موجود ہے۔ایک انٹرویومیں مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ تمام جماعتیں اسٹیبلشمنٹ سے لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہی ہیں، ادارے نیوٹرل نہیں ہیں، اس لیے ان سے مطالبہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف اس وقت گیٹ نمبر چار کے اندر نظر آ رہے ہیں، جو گیٹ نمبر چار سے اندر چلا گیا وہ بڑا خوش ہوتا ہے، جس کو گیٹ نمبر چار سے اندر جانے کی اجازت نہیں ملتی وہ ماتم کرتا ہے۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کی شمولیت کے بعد کیک کا کچھ حصہ پیپلزپارٹی کو بھی ملے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب انتظامیہ اور باقی سارے نظام کا جھکاؤ نواز شریف کی طرف ہے۔سابق سینیٹر نے کہا کہ تمام جماعتوں نے کیسز اور دباؤ سے نجات حاصل کرنے کے لیے جنرل (ر) باجوہ کو توسیع دی۔