واشنگٹن(اُمت نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےغزہ کے لیے انسانی امداد کو بڑھانے سے متعلق قرارداد کو منظور کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منظور کردہ قرارداد میں “دشمنی کے پائیدار خاتمے کے لیے حالات پیدا کرنے کے اقدامات” کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ امریکہ اور روس نے قرارداد کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ قرارداد کی مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔
واضح رہے کہ یہ ووٹ مہینوں سے جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی مطالبات کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل امریکا کے اعتراض کے بعد سلامتی کونسل میں غزہ پرووٹنگ چوتھی بار موخر کردی گئی تھی۔
غزہ کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد امریکہ کی جانب سے ویٹو کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر چوتھی مرتبہ ملتوی کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں امریکہ نے قرارداد میں جنگ بندی اور دشمنی کے الفاظ استعمال کرنے پر اعتراض کیا تھا۔