پشاور(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ہفتہ کو پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے ممبران پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال تصدیق شدہ فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تصدیق شدہ فیصلہ ملتے ہی آج عدالت سے رجوع کریں گے، تصدیق شدہ کاپی نہ بھی ملی تو بھی کیس دائر کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تصدیق شدہ کاپی نہ ہونے کی وجہ سےعدالت اعتراض اٹھا سکتی ہے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہم نے سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق کیا ہے لیکن یہ فیصلہ ذاتیات پر مبنی ہے، یہ ایک سیاسی فیصلہ ہے اور الیکشن کمیشن نے یہ بلے کا نشان ہم سے لینے کا پہلے سے تہیا کیا ہوا تھا، یہ ایک سازش ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم اس کیس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے اور ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔ ہم انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ جمعہ کو الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے انتخابات کو کالعدم قرار دیا تھا اور پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔