اسلام آباد(اُمت نیوز)استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہان ہے کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ”بلّا“ فی امان اللہ ہو گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا واپس لیے جانے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دے دیا۔ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی 26 سال بعد اپنے پارٹی انتخابی نشان سے محروم ہوگئی۔
آئی پی پی ترجمان نے کہا کہ انتخابی نشان کے بغیر انتخابی میدان میں اترنا ناممکن ہے، کھیل کے اصولوں کے مطابق بیٹ کے بغیر بیٹسمین کریز پر کھڑا ہی نہیں ہو سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ اب بھی اپنا قبلہ درست کرلے۔ پی ٹی آئی اداروں کو ماتحت بنانے کے بجائے اداروں کے ساتھ رہ کر سیاست کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلا کے ایک ٹولے نے پی ٹی آئی کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اس ٹولے کے ہاتھوں پی ٹی آئی اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔