ڈیوس کپ میچز پر بھارتی اپیل مسترد

اسلام آباد(اُمت نیوز)انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے پاکستان میں نہ کھیلنے کی بھارتی اپیل مسترد کر دی۔

پاک بھارت ٹینس ٹیموں کے درمیان ورلڈکپ گروپ ون ٹائی تین اور چار فروری کو اسلام آباد میں شیڈول ہے۔

بھارتی ٹینس فیڈریشن نے گزشتہ دنوں سکیورٹی کو جواز بنا کر مقابلے پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر پاکستان نے اپنا بھرپور کیس پیش کیا۔

بعد ازاں آئی ٹی ایف نے بھارتی اپیل مسترد کردی اور ڈیوس کپ کرانے والی کمیٹی نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔ کمیٹی نے بھارتی اپیل پر مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں حالات ایسے نہیں کہ میچز نہ ہوسکیں۔

اس سے قبل بھی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارت ٹائی پاکستان میں کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹائی نیوٹرل وینیو کرانے کا بھارتی مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔