پاکستان کو محبت اورباکردار قیادت کی ضرورت ہے،فیصل ندیم

کراچی: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر فیصل ندیم نے شاہ فیصل ٹاون میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا خون چوسنے والے کس منہ سے ووٹ کی بھیک مانگنے جائیں گے۔جو پاکستان میں رہنا پسند نہیں کرتے انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔پاکستان کو محب وطن اور باکردار قیادت کی ضرورت ہے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ باکردار قیادت سیاسی میدان میں اتار چکی ہے۔عوام 8فروری کو کری کے نشان پر مہر لگا کر ملک کو اندھیروں سے نکالیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل ٹاون میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی پاور شومیں شاہ فیصل ٹاون کی عوام نےبڑی تعداد میں شرکت کی اورمختلف سیاسی جماعتوں کےرہنماوں اورکارکنان نے مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت اور مرکزی مسلم لیگ کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔

جلسہ عام سے کراچی کے صدراحمدندیم اعوان،NA232کے امیدوار شاہد صدیقی،PS91 کے امیدوار انجینئر نعمان علی ،PS96کے امیدوار آزار خان بلوچ ، رہنماحافظ امجداسلام،اویس ،سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کی قیادت کرنے والا پاکستان آج سسک رہا ہے۔عوام کے لیے گھر کا چولہا جلانا مشکل ہوچکا ہے۔ پاکستان کو 70 فیصد ریونیو دینے والے کراچی کو بجلی کیوں نہیں ملتی ۔ اگر ملتی ہے تو مہنگی کیوں ملتی ہے؟ پاکستان کو جھوٹے وعدوں کی نہیں بلکہ دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نوجوانوں کو مایوسیوں سے نکالے گی۔کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایتی سیاستدان دوبارہ سے عوام کو سبز باغ دکھانے کے لیے تیار ہیں ۔ لندن علاج کے لیے جانے والے الیکشن لڑنے پاکستان آجاتے ہیں۔کراچی کو لسانیت کی بھینٹ چڑھایا گیا۔پاکستان کو ستر فیصد ریونیو دینے والے شہر کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاد پرستوں کے ہاتھوں پاکستان یرغمال ہے۔8فروری بدلہ لینے کا وقت ہے۔ آپ کا ووٹ آپ کے مستقبل کا فیصلہ کرےگا۔عوام ووٹ کی طاقت سے خدمت کی سیاست والوں کو منتخب کریں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے صرف نعرے نہیں دیے بلکہ عملی اقدامات کیے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے سرکاری بجٹ کے بغیر عوام کے لیے سہولت منصوبے شروع کیے ۔NA232کے امیدوار شاہد صدیقی نے کہا کہ پاکستانی عوام کو ہمیشہ دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔کرپٹ سیاستدانوں نے سیاست کو کرپشن کے نظر کردیا۔ روایتی سیاست کو مسترد کرکے خدمت کی سیاست کو فروغ دیں گے۔