بلوچستان سے آئے گرفتار افراد کی رہائی جاری، ہیلپ سینٹر قائم

اسلام آباد : وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے بلوچستان سے آئے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد گرفتار افراد کی رہائی کا عمل جاری ہے ۔کمیٹی کے ارکان مرتضیٰ سولنگی، وفاقی وزراء فواد حسن فواد، اور جمال شاہ کے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد گرفتار افراد کی رہائی کے لئے پولیس سپیشل ہیلپ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق گرفتار افراد کی رہائی کا عمل قانون کے مطابق جاری ہے ،ایس ایس پی عبدالحق عمرانی کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔پولیس خصوصی مدد سنٹر دو دن تک قائم رہے گا۔ گرفتار افراد کی رہائی کے پورے عمل کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔اگر کسی کو کوئی مشکل درپیش ہے وہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ٹیلیفون نمبرز 051-9001534، موبائل نمبر 0345-9600622 یا ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کر سکتا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق قانونی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے گرفتار مظاہرین کی ضمانتیں منظور ہونے کے بعدانہیں رہا کیا جا رہا ہے، مظاہرین نے نگران وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی اور گورنر بلوچستان سے گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا ۔قانونی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے گرفتار مظاہرین کی ضمانتیں منظور ہو گئی ہیں۔ گرفتار مظاہرین کو رہا کیا جا رہا ہے۔ گرفتار افراد کے عزیز و اقارب معلومات اور مدد کےلیے رابطہ کریں تاکہ ان کو قانونی معاونت فراہم کی جا سکے۔ترجمان کے مطابق کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔

ادھر سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی کا کہنا ہے کہ پر امن احتجاج کا ہر پاکستانی شہری کو حق حاصل ہے، مگر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکرٹری داخلہ نے اسلام آباد میں جاری احتجاج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، پر امن احتجاج کا ہر پاکستانی شہری کو حق حاصل ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر یقینی بنایا گیا ہے کہ مظاہرین کو کسی بھی قسم کے تشدد یا ہراسگی کا سامنا نہ کرنا پڑے، مگر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے گی، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔