ملک بھر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل مکمل

اہور: (اُمت نیوز) فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے جبکہ سکرونٹی کا عمل آج سے شروع ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے پہلے 3 روز اس کے بعد 2 روز کی توسیع کے ساتھ کل 5 روز کا وقت دیا گیا، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہو کر 30 دسمبر تک جاری رہے گی، 3 جنوری کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلیں دائر ہو سکیں گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری رکھی گئی ہے، امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی، 12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی، 13 جنوری کو تمام امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہو جائیں گے۔

صوبائی دارالحکومت میں 44 قومی اور صوبائی سیٹوں پر 750 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنما پنجہ آزمائی کریں گے، لاہور میں نواز شریف، بانی پی ٹی آئی، بلاول بھٹو، عبدالعلیم خان سمیت اہم رہنماؤں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

لاہور کے این اے 130 سے میاں نواز شریف اور این اے 123 سے ان کے بھائی شہباز شریف امیدوار ہوں گے، حمزہ شہباز نے این اے 118، مریم نواز اور عبد العلیم خان نے این اے 119 اور 120 پر، بلاول بھٹو زرداری نے این اے 127 پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی این اے 122 سے الیکشن میں حصہ لیں گے، خواجہ سعد رفیق، عطا تارڑ این اے 120، ایاز صادق این اے 117، سردار لطیف کھوسہ نے این اے 122 اور این اے 127، سلمان اکرم راجہ اور شفقت محمود نے این اے 128 جبکہ حماد اظہر نے این اے 129 سے کاغذات جمع کرا دئیے۔

پنجاب سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر مریم اورنگزیب، عالیہ حمزہ سمیت 200 سے امیدوار ہیں جبکہ حنا پرویز بٹ سمیت 507 امیدوار پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخاب لڑیں گے، شہباز شریف، مریم نواز اور عبد العلیم خان صوبائی نشستوں پر بھی امیدوار ہیں۔