اسلام آباد (اُمت نیوز)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یومِ پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستہ نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا جب کہ عوام کی بڑی تعداد قائد کی جائے پیدائش وزیر مینشن پر موجود ہے، انہوں نے قائد کے زیر استعمال اشیاء دیکھ کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
قائد اعظم کی کراچی میں رہائش گاہ وزیر میشن میں اب بھی قرآن پاک کا نسخہ موجود ہے جس کی بابائے قوم تلاوت کیا کرتے تھے جب کہ وزیر مینشن میں اب بھی قائداعظم کے استعمال میں رہنے والے کپڑے، ٹائی، جوتے وغیرہ بھی شوکیس میں سجایا گیا ہے۔
وزیر میشن میں فرنیچر سیٹ بھی موجود ہے جو بابائے قوم کے زیر استعامل تھا جب کہ ایک اور شوکیس کے اندر قائداعظم کے مخلتف کرتے پجامے بھی رکھے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بانی پاکستان کے زیر استعمال رہنے والا کلم، لفافے، ڈائری، ایش ٹرے، تمباکو نوشی کا پائپ، ایک آنکھ کا چشمہ اور دیگر سامان بھی وزیر میشن کی زینت بنائے گئے ہیں۔
محمد علی جناح کے قائد اعظم بننے تک اس گھر سے بہت سی یادیں جڑی ہیں، یہ گھر اب تک اسی حالت میں ہے اور یہاں قائد اعظم سے متعلق ہر چیز اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔