کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (ضی ڈی اے) نے سندھ سے رکن الیکشن کمیشن نثار درانی پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا جھکاؤ ایک مخصوص جماعت کی طرف ہے۔
ترجمان گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سائرہ بانو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ صائمہ آغا نامی خاتون کو پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ سے خواتین کی نشست پر نامزد کیا گیا ہے، صائمہ آغا نثاردرانی لا ایسوسی ایٹ کی رکن ہیں۔
سائرہ بانو نے کہا کہ سندھ میں جی ڈی اے سمیت کئی جماعتوں کونثار درانی پر تحفظات ہیں، کیوں کہ ان کا جھکاؤ ایک مخصوص سیاسی جماعت کی طرف ہے۔
رہنما جی ڈی اے کا کہنا تھا کہ کس حیثیت میں ان کی رکن کو پیپلزپارٹی نے ٹکٹ سے نوازا، یہ مفادات کا ٹکراؤ اور الیکشن کی شفافیت پر سنگین سوالات ہیں، ان اقدامات سے الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے، امید ہے چیف الیکشن کمشنر ان سوالات کا جواب دیں گے، چیف الیکشن کمشنر کی غیرجانبدار الیکشن کی یقین دہانی پر اعتماد ہے۔