پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیح نہ دینے پر پارٹی سے ناراض ہوگئیں۔
قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے پی پی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی فہرست میں پہلے نمبر پرعاصمہ عالمگیرکانام ہے جبکہ نگہت اورکزئی کا نام چھٹے نمبر پر موجو د ہے۔
اس امر پرناراضگی کا اظہار کرنے والی نگہت اورکزئی کا کہنا ہے کہ صوبائی قیادت نے میرے ساتھ مذاق کیا ہے، میں نے قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع ہی نہیں کروائے۔
انہوں نے کہا کہ میں صوبائی اسمبلی کے لیے جمع کروائے جانے والے کاغذات نامزدگی واپس لے رہی ہوں۔
نگہت اورکزئی کا اپنے تحفظات بتاتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ جو مذاق میرے ساتھ کیا گیا،سوچ بھی نہیں سکتی، اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔واضح رہے کہ نگہت اورکزئی تین بار ایم پی اے رہ چکی ہیں۔